14 اپریل 2014 - 14:37
لیبیا کے عبوری وزیراعظم مستعفی

لیبیا کے عبوری وزیراعظم عبداللہ الثنی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

 

 

ابنا: اتوار کو انھوں نے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز ان پر اور ان کے خاندان پر مسلح حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد انھوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الثنی نے اس حملے کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس سے دارالحکومت طرابلس کے ایک آباد علاقے کے مکین دہشت زدہ ہوگئے تھے اور ان میں سے بعض کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہوگئی تھیں۔

در ایں اثناء لیبیا کی قومی اسمبلی کے ترجمان حمیدان نے کہا ہے کہ عبداللہ الثنی نئے عام انتخابات کے انعقاد تک عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

واضح ہو کہ لیبیا کے سابق وزیراعظم علی زیدان کو قومی اسمبلی نے ملک میں امن وامان کی خراب صورت حال پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے برطرف کردیا تھا۔

وہ اپنی برطرفی کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یورپ چلے گئے ہیں۔

علی زیدان کو گذشتہ سال مسلح افراد گروہوں نے اغوا کر لیا تھا۔

لیبیا میں سابق آمر معمر قذافی کی حکومت کے خاتمہ کے بعد سے ہی مسلح گروہ ملک میں ہر جگہ حکومت کی عمل داری کو چیلنج کررہے ہیں اور انھوں نے اپنے اپنے خود مختار علاقے قائم کررکھے ہیں۔

.......

/169

لیبلز